پاکستان سپر لیگ 6؛ پشاورزلمی کا آفیشل ترانہ ریلیز، ماہرہ اور ہانیہ کے ہمراہ اسرا بلگیچ بھی جلوہ گر – Kashmir Link London

پاکستان سپر لیگ 6؛ پشاورزلمی کا آفیشل ترانہ ریلیز، ماہرہ اور ہانیہ کے ہمراہ اسرا بلگیچ بھی جلوہ گر

لندن(مونا بیگ) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کا آفیشل ترانہ ’’کنگڈم‘‘ریلیز کردیا گیا۔

پشاور زلمی کے بانی جاوید آفریدی نے انسٹاگرام پر ترانے’’کنگڈم‘‘ کی مختصر ویڈیو جاری کی اور مداحوں کو گانا ریلیز ہونے کی خوشخبری سنائی۔ جاوید آفریدی نے کیپشن میں زلمی کنگنڈم، ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور اسرا بلگیچ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

گانا زلمی ٹی وی کے آفیشل یوٹیوب اکاؤنٹ پر ریلیز کیا گیا ہے۔ تقریباً ساڑھے تین منٹ کے گانے کو محض تین گھنٹوں میں 25 ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے۔ گانے میں پشاور زلمی کے اسٹار کھلاڑیوں وہاب ریاض، شعیب ملک اور امام الحق کو دکھایا گیا ہے جو پریکٹس کرتے ہوئے اور میچ کھیلتے ہوئے نظر آرہے ہیں

۔تاہم گانے کا سب سے دلچسپ حصہ وہ ہے جس میں پشاور زلمی کی ایمبیسیڈر ماہرہ خان، ہانیہ عامر اور ترک اداکارہ اسرا بلگیچ گانے میں پرفارم کرتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔ گانے میں اداکار علی رحمان بھی موجود ہیں۔ جاوید آفریدی نے بہت دنوں سے لوگوں کو سسپنس میں مبتلا کر رکھا تھا کہ وہ ترک اداکارہ کو پشاور زلمی کا سفیر بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

تاہم گزشتہ روز انہوں نے تمام پاکستانیوں کو اسرا بلگیچ کے پاکستان سپر لیگ 2021 میں پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر بننے کی خوشخبری سنائی۔ اس بار پی ایس ایل میں ترک اداکارہ کی موجودگی کے باعث شائقین کی دلچسپی کھیل میں دگنی ہوگئی ہے۔

اس موقع پر پشاور زلمی کی ایمبیسڈر ترک اداکارہ اسرا کا کہنا ہے کہ انہیں پشاور زلمی کا حصہ بننے پر فخر ہے۔سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اردو میں ٹوئٹ کرتے ہوئے مداحوں کو حیران کیا اور ساتھ ہی کہا کہ اب میں زلمی فیملی کا حصہ ہوں۔

اداکارہ نے لکھا کہ ‘مجھے فخر ہے کہ میں آپ کے ساتھ ٹیم کی حمایت کروں گی۔ ‘ترک اداکارہ نے اپنے ٹوئٹ میں مختلف ہیش ٹیگز کا بھی استعمال کیا۔

پشاور زلمی کے ترانے ’’کنگڈم‘‘ کی ہدایات حسن داور نے دی ہے جب کہ سینیمیٹو گرافی عامر مغل نے کی ہے اس کے علاوہ ٹین ایٹی فلمز نے اس گانے کو پروڈیوس کیا ہے۔ گانے کا ترک اداکارہ اسرا بلگیچ والا حصہ ترکی میں شوٹ کیا گیا ہے جس کی لائن پروڈکشن جی ای میڈیا ترکی نے کی ہے۔ گانے کامیوزک عبداللہ صدیقی نے ترتیب دیا ہے اور گانے میں التمش سیور اور عبداللہ صدیقی نے اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes