ملالہ یوسفزئی کی مادری زبان کے عالمی دن پر 4 زبانوں پر مشتمل منفرد ویڈیو – Kashmir Link London

ملالہ یوسفزئی کی مادری زبان کے عالمی دن پر 4 زبانوں پر مشتمل منفرد ویڈیو

لندن (کشمیر لنک نیوز) نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی نے مادری زبان کے عالمی دن پر 4 زبانوں پر مشتمل منفرد ویڈیو پیغام اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری کیا ہے۔

ویڈیو کے آغاز میں انہوں نے اپنی مادری زبان پشتو میں اپنا تعارف کروایا، انہوں نے پشتو میں اپنا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ’میرا نام ملالہ یوسفزئی ہے، میں 23 برس کی ہوں اور پاکستان کے شہر سوات سے میرا تعلق ہے، میری مادری زبان پشتو ہے اور ہم سب گھر میں پشتو میں ہی بات کرتے ہیں۔‘

اس کے بعد ملالہ نے اپنی بات اردو میں جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں اردو میں بھی بات کرتی ہوں کیونکہ یہ پاکستان کی قومی زبان ہے، میں زیادہ تر گانے، فلمیں اور ڈرامے اردو میں ہی دیکھتی ہوں۔

ویڈیو میں اردو کے بعد ملالہ نے انگریزی میں گفتگو کی اور کہا کہ میں انگریزی بھی بولتی ہوں، شروع میں میں نے انگریزی پاکستان میں سیکھی لیکن یہاں شفٹ ہونے کے بعد میری انگریزی میں کافی بہتری آئی ہے۔ میں کتابیں انگریزی کی ہی پڑھتی ہوں۔

انگریزی کے بعد ملالہ نے کسواہیلی زبان میں کہا کہ ’میں کسواہیلی زبان سیکھ رہی ہوں کیونکہ مجھے یہ زبان پسند ہے۔تھینک یو گڈبائے۔‘ خیال رہے ملالہ یوسف زئی مسلسل 3 سال دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل رہ چکی ہیں جبکہ ان کو کینیڈا کی اعزازی شہریت بھی دی جاچکی ہے۔

ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے بھی نوازا جا چکا ہے، وہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بچیوں کی تعلیم اور خواتین کے حقوق کے لیے بھی کام کرتی ہیں جس کے لیے ملالہ فنڈز کا قیام عمل میں لایا گیا۔

50% LikesVS
50% Dislikes