اولڈہم( محمد فیاض بشیر ) ادارہ نور السلام انٹرنیشنل کے بانی و سرپرست اعلیٰ پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی کی برطانیہ آمد پر ممتاز سماجی مذہبی شخصیت چوہدری مطلوب حسین مدنی نے اپنی رہائش گاہ پر استقبالیہ دیا قریبی رفقاء ، خلفا خاص اور مریدین چوہدری قربان لال حسین ،حاجی محفوظ عالم ، محمد ندیم ارشاد، حاجی محمد اشفاق وارثی ، عبد القیوم مدنی ، بابا شبیر راٹھور مدنی ، شہباز حسن قادری محمد عبید ، امجد حسین ،عمران ،شہباز حسین مدنی،عدنان و دیگر نے شرکت کی ۔
اس موقع پر پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی نے کہا کہ برطانیہ تبلیغی دورے کا مقصد نوجوان نسل کو دین اسلام اور آقائے کائنات کی سوانح حیات کی تعلیم دینا ہے دنیا اور آخرت میں کامیابی کے لیے ہمیں قرآن کریم کی تعلیمات اور آقائے کائنات کے بتائے ہوئے راستے پر عمل کرنے سے ممکن ہے ۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ اداراہ نور السلام انٹرنیشنل فیصل آباد میں بچیوں کو بلا معاوضہ دین ودنیا کی اعلیٰ تعلیم دی جاتی ہے کیونکہ عورت کی تعلیم سے نسلیں سنورتی ہیں۔
انہوں نے چوہدری مطلوب حسین مدنی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امت مسلمہ ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور دنیا بھر میں بسنے والے مدنی برادرن کی صحت و سلامتی اور خوشحالی کی خصوصی دعا بھی کی،حاجی محمد اشفاق وارثی نے پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی کی برطانیہ آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ قرآن کریم اور آقائے کائنات کا جو پیغام نوجوان نسل تک پہنچاتے ہیں لائق تحسین ہے ۔
شہباز حسن قادری نے کہا قبلہ پیر صاحب نوجوان نسل کو جو قرآن کریم اور آقائے کائنات کا پیغام دیتے ہیں اللہ تعالیٰ انکو مذید ہمت و توفیق دے ۔ محمد شہباز حسین نے دعوت میں شریک افراد اور بالخصوص پیر ابو احمد محمد مقصود کا شکریہ ادا کیا ۔ استقبالیہ میں شریک افراد کی تواضع روایتی پاکستانی کھانوں سے کی گئی قرآن کریم اور آقائے کائنات کی سنت پر رنگ و نسل اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر اسلام کی مثبت تصویر کو عالمی سطح پر پہنچانے کے لیے پیر ابو احمد محمد مقصود مدنی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔