کشمیری پروڈکشن برطانیہ کا ٹچسٹونز آرٹس اینڈ ہیرٹیج سنٹر کے باہمی تعاون سے مادری زبان کے عالمی دن پر  تقریب کا انعقاد

راچڈیل( محمد فیاض بشیر ) کشمیری پروڈکشن برطانیہ نے ٹچسٹونز آرٹس اینڈ ہیرٹیج سنٹر کے باہمی تعاون سے مادری زبان کے عالمی دن پر پہاڑی ، اردو ،پنجابی اور پوٹھوہاری زبان بولنے والی کمیونٹی کے لیے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا ۔ ظفر اقبال ، سید مخدوم امجد شاہ ، ڈپٹی مئیر راچڈیل کونسلر شکیل احمد کے علاوہ کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات اور گردونواح کے علاقوں سے لوگوں نے شرکت کر کے ماں بولی سے محبت کا دلی اظہار کیا۔

اس موقع پر تقریب میں شریک عفت احسن نے کہا ماں بولی کے عالمی دن کی مناسبت سے ایسی مذید تقریبات کا انعقاد ہونا چاہیے اور میں خود اور اپنے بچوں کے ساتھ شریک ہوں گی۔ ڈپٹی مئیر کونسلر شکیل احمد نے بھی ماں بولی کو ورثہ قرار دیتے ہوئے اسے ہر سطح پر اجاگر کرنے پر زور دیا ۔

انٹرنیشنل اکادمی ادبیات برطانیہ کے چئیرمن سید مخدوم امجد شاہ نے کہا پوری دنیا میں مادری زبان کا عالمی دن تہوار کی طرح منایا جاتا ہے انکا مذید کہنا تھا کہ اس تہوار نے مختلف زبانیں بولنے والوں کو اکٹھا کرنے کے ساتھ ایک دوسرے کی زبان اور ثقافت کی تاریخ سمجھنے کا موقع ملتا ہے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ثقافت کو اجاگر کرنا چاہیے ۔

پروگرام میں شریک دیگر افراد نے بھی مادری زبان کے عالمی دن کو یادگار قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اپنی ماں بولی کو بچوں اور نوجوانوں کو بولنے کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنی چاہیے مادری زبان کے عالمی دن پر کشمیری پروڈکشن برطانیہ کی انتظامیہ بالخصوص ظفر اقبال کی ماں بولی سے دلی لگاؤ نے دوسری علاقائی زبانیں بولنے والوں کو بے حد متاثر کر کے انہیں بھی ماں بولی کو فروغ دینے کی طرف راغب کیا ۔