مانچسٹر (محمد فیاض بشیر)پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ نے سابق وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ پر پنجاب پولیس کے دھاوا بولنے اور انہیں مختلف مقدمات میں الجھانے بارے پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں تحریکِ انصاف کے عہدیدران کارکنان اور عام شہریوں نے شرکت کر کے اپنا بھرپور احتجاج درج کروایا ۔
اس موقع پر تحریک انصاف برطانیہ نارتھ ویسٹ کے صدر آصف رشید بٹ نے کہا کہ اگر ظلم و بربریت کا سلسلہ بند نہ ہوا تو ہم تارکین وطن پاکستان جا کر انکے گریبانوں میں ہاتھ ڈال کر اسکا بدلہ لیں گے ۔ منور احمد خان نیازی نے کہا کہ کوئی بھی زی شعور مریم نواز اور رانا ثناءاللہ دہشت گرد کے ساتھ نہیں ہے پاکستانی قوم اور تارکین وطن بسنے والے پاکستانی عمران خان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے برطانیہ میں مشیر جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ہم برطانیہ میں وکلاء سے رابطہ کر کے وزیراعظم شہباز شریف پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہونے پر جب بھی وہ برطانیہ کی سرزمین پر قدم رکھیں تو انہیں فی الفور گرفتار کیا جائے۔ کنزہ کا کہنا تھا کہ جو واقعہ زمان پارک میں پیش آیا انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور غیر اخلاقی ہے۔زرین کا کہنا تھا کہ فاشسٹ حکمران عمران خان کی جان کے درپے ہیں ہم اپنا بھرپور ریکارڈ درج کرواتے ہیں ۔
احتجاج میں شریک دیگر افراد نے بھی ریاست کی عمران خان مخالف مہم جوئی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکا مقصد انتخابات سے راہ فرار اور عمران خان کو نا اہل کروا کر راستے سے ہٹانا ہے ۔ ہم توقع کرتے ہیں ریاست سابق وزیر اعظم عمران خان کو بھرپور سیکورٹی دے گی اور اگر ہمارے محبوب قائد عالم اسلام کے راہنما کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچایا گیا تو پھر دما دم مست قلندر ہو گا۔
برطانیہ کے علاقہ نارتھ ویسٹ میں بسنے والی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی نے اپنے قائد عمران خان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ریاست کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں بارے عالمی سطح پر اپنا احتجاج درج کروانے کا عزم کیا۔