امید ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کی امداد کیلئے ایسٹرن پویلین ہال اولڈہم میں چیرٹی ڈنر کا اہتمام

اولڈہم (محمد فیاض بشیر)امید ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر انتظام بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کی مالی امداد کے لیے ایسٹرن پویلین ہال اولڈہم میں خصوصی چیرٹی ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی و چیئرمین راجہ نجابت حسین، امید ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مہربان حسین ،سابق لیڈر اولڈہم کونسل عروج شاہ، کونسلرز نائلہ شریف ،یاسمین ڈار ، نائلہ ابراہیم ، محمد الیاس کے علاوہ  کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات مولانا قاری عبد الشکور قادری، راشد حسین ، آزاد حسین ،یاسمین عالم ، راجہ صغیر کاکڑوی کے علاوہ دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے دل کھول کر عطیات دیئے۔

اس موقع پر راجہ نجابت حسین کا کہنا تھا میں بالخصوص بہنوں بیٹیوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے بھرپور تعاون کے ساتھ آئندہ بھی امید ویلفیئر ٹرسٹ کے ساتھ چلنے کا عزم کیا۔ کونسلر یاسمین ڈار کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ جو رزق ہمیں عطا کرتے ہیں اس سے ہمیں لازمی ضرورت مندوں کی مدد کرنی چاہیے ۔

کونسلر نائلہ ابراہیم نے کہا کہ بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال ضرورت مندوں کی خدمت کر رہا ہے ہمیں انکی مالی امداد کرنی چاہیے تاکہ وہ اس نیک کام کو جاری رکھ سکیں ۔امید ویلفیئر ٹرسٹ کے لیے رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے نوجوان راشد حسین کا کہنا تھا کہ ہم نے ہسپتال کی کارکردگی سے کمیونٹی کو آگاہی دی غریبوں اور ناداروں کا مفت علاج معالجہ کیا جاتا ہے ۔

کونسلر نائلہ شریف بھی بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال کی کارکردگی سے بے حد متاثر ہوئیں انکا کہنا تھا کہ امسال اکتوبر سے ہسپتال میں شعبہ خواتین  شروع کیا جا رہا ہے جو کہ خوش آئند بات ہے ۔ سماجی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے والی خاتون یاسمین عالم کا کہنا تھا کہ تارکین وطن پاکستان و آزاد کشمیر میں مادر وطن کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کے ساتھ کرتے رہیں گے۔

مولانا قاری عبد الشکور قادری کا کہنا تھا کہ کمیونٹی نے اپنی بساط سے بڑھ کر نیک کام کے لیے عطیات دے اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر عطا فرمائے آمین ۔امید ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین مہربان حسین نے بنگڑیلہ کمیونٹی ہسپتال میں کمیونٹی کے لیے دستیاب سہولیات بارے آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ہمہ وقت ڈاکٹرز اور نرسیں موجود ہوتی ہیں انہوں نے چیرٹی ڈنر میں شریک افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہماری زندگی کا مقصد ہونا چاہیے امید ویلفیئر ٹرسٹ نے آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کے نواحی گاؤں بنگڑیلہ میں ہسپتال تعمیر کر کے ضرورت مند افراد اور دکھی انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھانا دوسروں کے لیے مشعل راہ ہے۔