پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا انگلش کلب گلوسٹر شائر کے ساتھ معاہدہ – Kashmir Link London

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا انگلش کلب گلوسٹر شائر کے ساتھ معاہدہ

لندن (مسرت اقبال) پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ 2022 کا کرکٹ کاؤنٹی سیزن انگلینڈ کے کرکٹ کلب گلوسٹر شائر سے کھیلیں گے۔ اپنے ایک اعلامیے میں گلوسٹر شائر کا کہنا ہے کہ کاؤنٹی کلب نے 18 سالہ پاکستانی بولر کے ساتھ 2022 کے سیزن کے چند ماہ کے لیے معاہدہ کیا ہے۔نسیم شاہ کلب کے لیے ہر فارمیٹ میں دستیاب ہوں گے اور ٹیم کے لیے کاؤنٹی چیمپیئن شپ اور ٹی20 وائٹیلیٹی بلاسٹ ٹورنامنٹ بھی کھیلیں گے۔

اس معاہدے کے حوالے سے نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ ’میں گلوسٹر شائر میں شمولیت اختیار کرنے پر بے انتہا خوش ہوں اور پہلی مرتبی انگلش کرکٹ کھیلنے کے تجربے کے لیے بیتاب ہوں۔ان کا کہنا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کی کوشش کریں گے۔

دوسری جانب انگلش کاؤنٹی کلب کے چیف ایگزیکٹو ول براؤن بھی نسیم شاہ کے ساتھ معاہدے پر خوش نظر آرہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نسیم شاہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور وہ کرکٹ فینز کو یقیناً پسند آئیں گے جب وہ برسٹل میں سیزن کا پہلا میچ کھیلیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نسیم شاہ کی خدمات حاصل کرنا کلب کی کامیابی ہے اور انہیں یقین ہے کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی کاؤنٹی چیمپیئن شپ میں تمام بہترین کھلاڑیوں کا بھرپور مقابلے کریں گے۔اٹھارہ سالہ فاسٹ بولر پاکستان کے لیے اب تک نو ٹیسٹ میچ کھیل کر 20 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں اور اپنے کیریئر میں 32 ٹی 20 میچوں میں بھی 25 وکٹیں لے چکے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes