انگلش کرکٹ ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے آج پاکستان پہنچے گی، پہلا میچ 20 ستمبر کو کراچی میں ہوگا

لندن (مسرت اقبال) انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم جوز بٹلر کی قیادت میں ٹی20 سیریز کے لیے آج کراچی پہنچے گی جہاں اسے پاکستان کیساتھ ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنا ہوگی۔ واضع رہے انگلش ٹیم سترہ سال بعد پاکستان کا دورہ کررہی ہے۔ سیریز کے پہلے مرحلے میں دونوں ٹیموں کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 4 ٹی20 میچ کھیلے جائیں گے۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ابتدائی چاروں میچ 20، 22، 23 اور 25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔

بعد ازاں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جہاں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 28، 30 اور 2 اکتوبر کو سیریز کے آخری تینوں میچ کھیلے جائیں گے۔ انگلینڈ کی ٹیم کے ہمراہ انگلش کرکٹ بورڈ کے عہدیداروں، سیکیورٹی اہلکار، میڈیا سے منسلک درجنوں نمائندے اور کمنٹیٹرز بھی دو طرفہ سیریز کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔ انگلینڈ نےدورہ پاکستان کے لیے اعلان کردہ اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، جن میں بلے باز جارڈن کوکس، فاسٹ باؤلر ٹام ہیلم، بلے باز ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹی ٹوئنٹی 20ستمبر کو نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔انگلش ٹیم ایک دن آرام کے بعد نیٹ پریکٹس کریگی ۔ انگلینڈ کی جانب سے اعلان کردہ اسکواڈ میں جوزبٹلر کپتان ہونگے تاہم جب تک وہ مکمل صحت یاب نہیں ہوجاتے معین علی انکی جگہ کپتانی کرینگے۔ یاد رہے اس سے قبل پاکستان میں انگلینڈ نے 2005 میں مائیکل وان کی قیادت میں دورہ کیا تھا ،جس میں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے تھے۔