کونسل میں بسنے والی ایشیائی کمیونٹی کیلئے صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد مثبت قدم ہے: میئر راچڈیل

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) کنگز وے ہائی سکول میں راچڈیل کونسل کے تعاون سے شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا جس میں مقامی ٹیموں نے حصہ لیا ۔ٹورنامنٹ کا فائنل عمران والی بال کلب اور حفیظ کلب کے درمیان کھیلا گیا جو عمران کلب نے جیت لیا ۔ راچڈیل کونسل کے مئیر کونسلر علی احمد اور ڈپٹی لیڈر کونسلر عدالت علی کے علاوہ دیگر کونسلرز اور کشمیری پاکستانی ایسوسی ایشن کے صدر اعتزاز عاصم، کونسلرز پروفیسر افتخار احمد، فیصل رانا ، آفتاب حسین ۔ ثمینہ ظہیر ،افتاب حسین ، سلطان علی کمیونٹی کے سرگرم اراکین سید وزیر علی شاہ ، راچڈیل والی ایسوسی ایشن کے صدر ماسٹر شاہد ،راجہ ناصر کے علاوہ شائقین شوٹنگ والی بال کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر مئیر راچڈیل کونسلر علی احمد نے کہا کہ یہاں آ کر خوشی محسوس ہوئی انکا مزید کہنا تھا کہ راچڈیل کے اندر جتنی بھی کھیلوں کی سرگرمیاں ہوں گی بحیثیت مئیر بھرپور شرکت کروں گا۔ ڈپٹی لیڈر کونسلر عدالت علی کا کہنا تھا کہ میں کمیونٹی سے کہوں گا وہ کھیل جیسی صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اس سے آپ صحت مند رہنے کے ساتھ منفی سرگرمیوں سے بھی دور رہتے ہیں۔ کونسلر ثمینہ ظہیر کا کہنا تھا کہ والی بال ایک صحت مند سرگرمی ہے ہم راچڈیل میں آئندہ بھی اس طرح کی سرگرمیاں جاری رکھیں گے ۔ کونسلر پروفیسر افتخار احمد کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مبارکباد جو کھیل۔جیسی صحت مند سرگرمی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں ۔ کونسلر فیصل رانا کا کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کے کھیل میں حصہ لینے سے ہم ذہنی و جسمانی طور پر صحت مند رہنے کے لیے ضروری ہے ہماری راچڈیل کونسل سے درخواست ہے کہ کھیل جیسی صحت مند سرگرمی کے لیے ہر طرح کی مالی و اخلاقی معاونت کریں۔ کونسلر آفتاب احمد نے کہا راچڈیل کونسل کا دلی شکریہ جنہوں نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کو ممکن بنایا ہمارا کونسل سے مطالبہ ہے کہ وہ صحت مند سرگرمیوں کو جاری رکھنے کے لیے آئندہ بھی بھرپور مالی مدد کریں ۔ مئیر راچڈیل علی احمد ڈپٹی لیڈر کونسلر عدالت علی اور دیگر کونسلرز نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے ۔