زمبابوے کے خلاف میچز میں کامیابی سے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے اعتماد میں اضافہ ہوگا؛ بابر اعظم، شاداب خان – Kashmir Link London

زمبابوے کے خلاف میچز میں کامیابی سے نیوزی لینڈ سیریز کیلئے اعتماد میں اضافہ ہوگا؛ بابر اعظم، شاداب خان

لندن (مسرت اقبال) تیس اکتوبر سے شروع ہونے والی پاک زمبابوے کرکٹ سیریز کے محدود اوورز کے میچز میں کپتان بابر اعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے جارحانی حکمت عملی اپنانے کا اعلان کیا ہے۔
دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں کپتان اور نائب کپتان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور اپنے ایک انٹرویو سیشن میں انکا کہنا تھا کہ اس سیریز میں جارحانہ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔


پاکستان اور زمبابوے کے درمیان شیڈول تین ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور تین نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہیں جو کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔


لاہور کے مقامی ہوٹل میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے واضح کیا کہ جس طرح کھیل میں جدت آرہی ہے، اس کی رفتار بڑھتی جارہی ہے، ہمیں بھی مثالی فٹنس قائم کرنا ہوگی۔
شاداب خان نے کپتان کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کئی کرکٹرز ان سے فٹنس پر بات کرنے آتے ہیں۔ وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ وہ زمبابوے کو تر نوالہ نہیں سمجھیں گے، آئی سی سی مینز ورلڈ سپر لیگ کا ایک ایک پوائنٹ بہت قیمتی ہے، لہٰذاوہ سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔


دونوں کھلاڑیوں کا ماننا تھا کہ زمبابوے کے خلاف میچز میں کامیابی سے نیوزی لینڈ روانگی سے قبل اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
کپتان بابراعظم نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ چند ماہ بہت کرکٹ کھیلنی ہے اور اس میں جارحانہ حکمت عملی اپنا کر و ہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک بار پھر عالمی رینکنگ کی ٹاپ ٹیموں میں شامل کرنے کے خواہشمند ہیں۔ اسکے لیئے بحثیت مجموعی ہمیں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ، تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔


بابراعظم نے کہا کہ زمبابوے کے خلاف سیریز میں ہمیں ہوم ایڈوانٹج حاصل ہوگا مگر ہم اسٹیڈیم میں مداحوں کی کمی ضرور محسوس کریں گے، کوشش کریں گے کہ اپنی کارکردگی کے ذریعے گھروں میں بیٹھے فینز کو کووڈ 19 کی صورتحال میں خوشی کا موقع فراہم کرسکیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes