سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا – Kashmir Link London

سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے بابر اعظم کو دنیا کا بہترین کرکٹر قرار دے دیا

لندن (مسرت اقبال) دنیائے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی اور انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین نے پاکستان بلے باز بابر اعظم کو ایک ٹیلنٹڈ کرکٹر قرار دیا ہے، اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بابر اعظم ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں، بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بلے باز بننے کے لیے ہر طرح کی کنڈیشنز میں پرفارم کرنے کی ضرورت ہے،جب بابراعظم اچھی بیٹنگ کر رہے ہوں تو انہیں دیکھنے کا مزہ آتا ہے۔


ایک سوال کے جواب میں ناصر حسین نے کہا کہ بابراعظم کے پاس وہ تمام صلاحیتیں موجود ہیں جو ایک عظیم کھلاڑی میں ہوتی ہیں، وہ ون ڈے کرکٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بھی رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔ ابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بھی ان کی کارکردگی ٹھیک رہی کیوں کہ انگلینڈ میں کسی بھی بلے باز کے لئے سکور کرنا آسان نہیں ہوتا۔


انکا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم کو ٹیسٹ کرکٹ میں ویرات کوہلی کی طرح مستقل مزاجی دکھانے کی ضرورت ہے۔ وہ چھ سے نو ماہ سے ٹیسٹ کرکٹ میں اچھا پرفارم کررہے ہیں جو کہ بہترین علامت ہے انہیں یہاں طویل عرصے تک وکٹ پر ٹھہرنے کے لئے مستقل مزاجی کی ضرورت ہے۔ انکا یہ اعزاز ہے کہ وہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں ٹی ٹونٹی ، ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ میں ٹاپ 5 بلے بازوں کی فہرست میں شامل ہیں۔


ناصر حسین کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کو آف سٹمپ کے باہر گیندیں کھیلنے میں مشکلات پیش آتی ہیں جس طرح بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو انگلینڈ کے پہلے دورے میں پیش آئی تھیں۔ بابراعظم آف سٹمپ کے باہر گرنے والی گیندوں کو کھیلنے کے لئے اپنی تکنیک بہتر بنائیں کیونکہ بیٹنگ میں صرف یہ نہیں دیکھا جاتا کہ آپ نے کتنے رنز بنائے ہیں بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ یہ رنز آپ نے کس طریقے سے بنائے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes