شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری: انگلینڈ کی آئیندہ سال اکتوبر میں پاکستان آکر کھیلنے کی تصدیق – Kashmir Link London

شائقین کرکٹ کیلئے خوشخبری: انگلینڈ کی آئیندہ سال اکتوبر میں پاکستان آکر کھیلنے کی تصدیق

لندن (مسرت اقبال) کرکٹ سے محبت کرنے والوں کیلئے بڑی خبر کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے اگلے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل پاکستان آنے اور میچز کھیلنے کی حامی بھرلی۔ اسطرح انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 16 سال بعد اگلے سال پاکستان کا دورہ کرے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم 12 اکتوبر 2021 کو پاکستان پہنچے گی جس کے بعد دو ٹی20 میچ 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ اسکے بعد دونوں ٹیمیں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈ میں شرکت کے لیے 16 اکتوبر کو انڈیا روانہ ہوجائینگی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے 16 سال بعد پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی تصدیق کی ہے۔ اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کو جنوری 2021 میں مختصر دورانیے کے لیے دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی جس پر خیال کیا جارہا تھا کہ کھلاڑیوں کی مصروفیات کی وجہ سے یہ دورہ شائد ممکن نہ ہوسکے۔

تاہم انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے اس دعوت نامہ کے جواب میں آئندہ سال آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سے قبل اکتوبر میں دورہ کی تجویز پیش کی، جسے پی سی بی نے قبول کرلیا۔

پی سی بی کے چیف ایگزیٹو وسیم خان نے انگلینڈ ٹیم کے دورے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دورہ سیزن 23-2022 میں وائٹ اور ریڈ بال کرکٹ سیریز کے لیے بھی معاون ثابت ہوگا۔
پاکستان میں تعینات برطانوی سفیر کرسٹن ٹرنر نے بھی اس خبر کو خوش آئیند قرار دیتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes