فردوس عاشق اعوان اور مریم نواز میں فائٹ کے شوقین عامر خان کو پاکستانی باکسر حسین شاہ کا چیلنج – Kashmir Link London

فردوس عاشق اعوان اور مریم نواز میں فائٹ کے شوقین عامر خان کو پاکستانی باکسر حسین شاہ کا چیلنج

لندن (مسرت اقبال) پاکستان کے سابق باکسر اولپمیئن حسین شاہ نے نئے سال کے آغاز پر ایک نئی پھلجڑی چھوڑ دی ہے، پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کو چیلنج دیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ وہ برطانوی باکسر کو ناک آؤٹ کردیں گے۔

واضع رہے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں برٹش پاکستانی باکسر عامر خان نے ایک پریس کانفرنس میں ترجمان حکومت پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور مسلم لیگی رہنما مریم نواز شریف میں فائٹ کی خواہش کا اظہار کیا تھا، بہت سے ناقدین کا خیال ہے کہ باکسر حسین شاہ کا یہ چیلنج اسی تناظر میں ہے۔

پاکستان کے 56 سال کے اولمپک میڈلسٹ حسین شاہ نے 34 سال کے عامرخان کو فائٹ کا چیلنج کردیا ہے۔ حسین شاہ اس سے قبل 2019 کے آغاز میں بھی عامر خان کے بارے میں تحفظات کا اظہار کرچکے جب انکا کہنا تھا کہ عامر پاکستان میں باکسنگ کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے ایک تازہ بیان میں پاکستانی باکسر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ دو مہینے کے نوٹس پر عامر خان سے پاکستان میں کسی بھی جگہ فائٹ کے لیے تیار ہوں۔ انھوں نے کہا کہ ہماری فائٹ مائیک ٹائسن اور جوئے لوئیس کی طرح کی ہوگی، ہار جیت کا فیصلہ پوائنٹس کی بنیاد پر نہیں بلکہ صرف ناک آؤٹ پر ہوگا۔

حسین شاہ نے دعویٰ کیا کہ وہ عامر خان کو ناک آؤٹ کردیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستانی باکسر حسین شاہ نے 1988 کے سیول اولمپکس میں پاکستان کے لیے میڈل جیتا تھا۔ باکسنگ لوور کا یہ ماننا ہے کہ عامر خان کو حسین شاہ کا یہ چیلنج قبول کرکے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردینا چاہیئے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ باکسر عامر خان اپنے حریف کا چیلنج قبول کرتے ہیں یا مریم نواز کی طرح چپ سادھ لیتے ہیں۔

50% LikesVS
50% Dislikes