جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی کے بعد بابر اعظم پاکستانی ٹیم کے عظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل – Kashmir Link London

جنوبی افریقہ کیخلاف کامیابی کے بعد بابر اعظم پاکستانی ٹیم کے عظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل

لندن (مسرت اقبال) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم قومی ٹیم کے عظیم کپتانوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔ بابر اعظم ان کپتانوں کی فہرست کا حصہ بن گئے جنھوں نے بطور کپتان اپنی پہلی ہی سیریز میں قومی ٹیم کو سیریز میں فتح دلوادی۔

پاکستان ٹیم نے بابر اعظم کی کپتانی میں جنوبی افریقہ کو پہلے کراچی ٹیسٹ اور پھر راولپنڈی ٹیسٹ میں بھی شکست دے کر مہمان ٹیم کے خلاف 0-2 سے وائٹ واش کردیا۔

اس سیریز میں بابر اعظم نے پہلی مرتبہ قومی ٹیم کی کمان سنبھالی اور ٹیم کو جیت دلوادی۔ اپنی اس فتح کے ساتھ ہی بابر اعظم ان کپتانوں کی خصوصی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں جنھوں نے قومی ٹیم کو پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں کامیابی دلوائی۔

یہ کارنامہ اپنی پہلی سیریز میں لیجنڈری فاسٹ بولر فضل محمود نے سال 1959 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف انجام دیا تھا۔ ان کے بعد عظیم بیٹسمین مشتاق محمد نے 1976 میں کپتان بننے کے بعد نیوزی لینڈ کے خلاف انجام دیا۔

لیجنڈری جاوید میانداد نے کپتانی سنبھالی تو انھوں نے 1980 میں اپنی پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوائی اور وقت ان کی حریف ٹیم آسٹریلیا تھی۔ سال 1994 میں سلیم ملک نے کمان سنبھالتے ہی اپنی پہلی ہی ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم کو کامیابی دلوائی جہاں ان کی حریف ٹیم نیوزی لینڈ تھی۔

اب سال 2021 میں بابراعظم نے اپنی پہلی ہی سیریز میں ٹیم کو کامیابی دلوادی لیکن یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ بابراعظم نے حریف ٹیم کو وائٹ واش کردیا، جبکہ ان سے پہلے کسی کپتان کی ٹیم یہ کارنامہ انجام نہ دے سکی۔

50% LikesVS
50% Dislikes