یونائیٹڈ فار فلسطین کی جانب سے اولڈہم پارلیمنٹ سکوائر میں مختلف رنگ و نسل کے افراد کا احتجاجی مظاہرہ – Kashmir Link London

یونائیٹڈ فار فلسطین کی جانب سے اولڈہم پارلیمنٹ سکوائر میں مختلف رنگ و نسل کے افراد کا احتجاجی مظاہرہ

اولڈہم (محمد فیاض بشیر) یونائیٹڈ فار فلسطین کی جانب سے اولڈہم پارلیمنٹ سکوائر میں ہونے والے مظاہرہ میں مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کر کے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور فلسطین کی آزادی کا مطالبہ کیا۔


رکن برطانوی پارلیمنٹ ڈیبی ابراہم کا کہنا تھا کہ ہم سب کو ملکر فلسطین کے اندر استحکام لانے کے لیے کام کرنا ہو گا انکا کہنا تھا کہ فلسطین کے اندر ہنگامہ آرائی ناقابلِ برداشت ہے ۔انٹر فیتھ فورم اولڈہم کے راہنما فضل رحیم نے کہا کہ پچھلے اسی برس سے فلسطینی بھیانک واقعات سے گزر رہے ہیں وقت آگیا ہے کہ انکی داد رسی کی جائے ۔ کونسلر یاسمین طور کا کہنا تھا ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے فلسطین میں ہونے والے ظلم وستم بارے اپنے غم و غصّے کا اظہار کیا۔

پادری فل سمن نے کہا کہ مسلمان کمیونٹی کے اندر سخت غصہ پایا جاتا ہے لیکن عیسائی مذہب کے پیروکار بھی انکے ساتھ کھڑے ہیں اولڈہم کونسل کی لیڈر عروج شاہ نے کہا کہ ہم یہاں فلسطین کی آزادی کے لیے اکٹھے ہیں انکا کہنا تھا کہ انسانیت کے ناطے ہم فلسطینیوں کیساتھ ظلم کی مذمت کرتے ہیں۔

کونسلر محمد الیاس اور سارہ ویلکنسن نے بھی فلسطینیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی قبضہ ختم ہونا چاہیے اور اولڈہم میں اسرائیل کو اسلحہ فراہم کرنے والی فیکٹری بند ہونی چاہیے۔دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرے اقوام متحدہ عالمی طاقتوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

50% LikesVS
50% Dislikes